سعودی فیشن ڈیزائنرز خوشی سے پھولے نہیں سمارہی تھیں کیونکہ ان کی تخلیقات پہلی بار سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقدہ فیشن شو میں دکھائی جارہی تھیں، یہ فیشن شو 25 اگست کو منعقد ہوا، جس میں 18 ڈیزائنرز کی تخلیقات شامل تھیں۔ سعودی فیشن ڈیزائنرز کو ماضی میں سعودی عرب میں عائد پابندیوں میں نرمی سے قبل بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، کیونکہ وہ اپنے کام کی نمائش کے لیے بیرون ملک سفر کرنے پر مجبور تھیں۔ سعودی ڈیزائنر جمال اشور نے اس شو کا انعقاد ایک ایسا پلیٹ فارم بنانے کی کوشش میں کیا جو خطے کے ڈیزائنرز پر روشنی ڈال سکے۔ حالیہ برسوں میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے شروع کی گئی سماجی تبدیلیوں، جیسے کہ خواتین کی ڈرائیونگ پر سے پابندی ہٹانا اور صنفی علیحدگی کو کم کرنا، نے قدامت پسند خلیجی مملکت میں ایسے ایونٹس کے انعقاد کی اجازت دی ہے۔